کے الیکٹرک نے گارڈن سٹی کے مکینوں کے ساتھ ظلم و جبر کا بازار گرم کیا ہوا ہے،رضوان شاہ

جمعرات 10 مئی 2018 00:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی زون گلشن معمار رضوان شاہ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے گارڈن سٹی کے مکینوں کے ساتھ ظلم و جبر کا بازار گرم کیا ہوا ہے، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مکینوں کا برا حال ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ غیر اعلانیہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کا حال برا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اووربلنگ کی وجہ سے مکین کے الیکٹرک کے دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں، کے الیکٹر نے اگر اپنا رویہ نہ بدلا تو جماعت اسلامی مکینوں کے ساتھ مل کر نادرن بائی پاس پر دھرنا دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکٹرک کے خلاف گارڈن سٹی میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مکینوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی گارڈن سٹی کے مکینوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، کے الیکٹرک صرف گارڈن ہی نہیںپورے کراچی کے لئے عذاب بن چکی ہے اور عوام الناس پر لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر پبلک ایڈ کمیٹی ابوالضیاء پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم وولٹیج کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی کے الیکٹرک ہے اور عوام الناس گھریلو آلات سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

کے الیکٹرک انتظامیہ گارڈن سٹی کے تمام مطالبات منظور کرے ورنہ عوام الناس خراب آلات کی FIR کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف کٹوائیں گے۔ اس موقع پر عوام الناس مرد، خواتین اور بچوں نے کے الیکٹر کے خلاف نعرے بازی کی۔ خواتین اور بچوں نے کے الیکٹرک کے خلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر کے الیکٹرک کے خلاف نعرے درج تھے۔ امیر زون گلشن معمار رضوان شاہ اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی ابوالضیاء نے گورنر، وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے گارڈن سٹی کے عوام پر کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔#