اپنی وفاداریاں ،نظریات تبدیل اور ذاتی مفادات کے لیے تحریک انصاف میں جانے والے سیاستدان نظام کو تباہ کر دیں گے، مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کو ٹف ٹائم دے گی، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات مئی 00:10

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) وزارت دفاع کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ اپنی وفاداریاں اور نظریات تبدیل کرنے اور ذاتی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاستدان نظام کو تباہ کر دیں گے،،پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کو ٹف ٹائم دے گی،بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صوبائی وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی ولولہ انگیز اور متحرک قیادت سے پنجاب بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بہت سی سیاسی شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے،یہ عناصر موقع پرست ہیں جو سیاسی نظام کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہماری کردار کشی کی گئی لیکن یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی مقبولیت کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔