Live Updates

حکومت نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے لیکن یہ قومیت کی بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونے چاہئیں

وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 00:10

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نئے صوبے بنانے کے حق میں ہے لیکن یہ قومیت کی بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونے چاہیئں۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایک سیاسی جماعت کے لیے نئے صوبے بنانا ممکن نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ایک منصوبہ بنانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اراکین پارلیمنٹ جو جنوبی پنجاب فرنٹ میں ہیں اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں وہ نئے صوبے کے لیے مخلص نہیں کیونکہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران انہوں نے اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ میں اپنی آواز بالکل بھی نہیں اٹھائی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی خواہش کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور محمد نواز شریف عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی بہتر طرز حکمرانی اور گزشتہ 5 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی حساس معاملات پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات