فرانس کے بعد برطانیہ نے بھی ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی معاہدے سے علیحدہ نہ ہونے کا اعلان کر دیا

جمعرات 10 مئی 2018 11:00

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) . فرانس کے بعد برطانیہ نے بھی ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی معاہدے سے علیحدہ نہ ہونے کا اعلان کر دیا ۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اٴْن کا ملک ایران کے جوہری معاہدے سے علیحدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ ایسی ٹھوس تجاویز دی جائیں جس سے ایران کے مبینہ جوہری ہتھیاروں کے عزائم کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دبائو کو مسترد کرتے ہوئے گزشتہ منگل کو مذکورہ معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ برطانوی پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ 13 سال کی مشاورت کے بعد ایران کے ساتھ طے پانے والا جوہری سمجھوتہ ایک عالمی معاہدہ ہے جو اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدے کے دیگر فریقین کے ساتھ تعاون کیا جائے گا تا کہ ایران کی طرف سے اس جوہری معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔واضح رہے کہ معاہدے میں شامل دیگر اہم ممالک روس، چین اور جرمنی نے بھی کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے کی پاسداری جاری رکھیں گے۔