بچوں کی تعلیم و تربیت میں ماں کا کردار اہم ترین ہے، شمامہ العنبر

جمعرات 10 مئی 2018 11:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس پشاور کے سروسز کلب میں منعقد ہوا‘ جس کا موضوع’’معاشرے کی تعمیر میں مائوں کا کردار‘‘ تھا۔اجلاس کی صدارت سپیکر شوریٰ ہمدرد ڈاکٹر صلاح الدین نے کی جبکہ مہمان مقررہ شمامہ العنبر ،سابق صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز تھیں۔

شمامہ العنبر نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خاندان کی اہمیت اور بچوں کی اخلاقی تربیت میں ماں کے بنیادی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں ماں کے کردار کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، ماں کی قربانیوں اور عظمت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہمارے مذہبی اور سماجی دائرے کا تعلق ہے اس میں ماں کی فطرت اور طبیعت بھی اولاد کے بدن کا حصہ بنتی ہے ،ماں گھر کی سربراہ اور نگہبان ہوتی ہے، ماں کے قدموں میں جنت اسی لئے ہے کہ ماں کے اس کردار کو فراموش نہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

بچوں کی تعلیم و تربیت اور شخصیات کی تعمیر میں صحیح کردار ماں ہی ادا کر سکتی ہے۔ اسی لئے کہا گیا ہے کہ ’’ماں کی گودبچے کا پہلا مدرسہ ہوتا ہے‘‘۔ اجلاس میں سردار فاروق احمد جان بابر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین اعظم خان، روشن خٹک ، جواد احمد ،غزالہ یوسف، مشتاق حسین بخاری اور دیگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔