خواتین اب ہوشیار رہیں! سائبر کرائم کا انوکھا اور منفرد واقعہ سامنے آ گیا

مرد کو ہراساں کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 10 مئی 2018 11:36

خواتین اب ہوشیار رہیں! سائبر کرائم کا انوکھا اور منفرد واقعہ سامنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 مئی2018ء) پاکستان کی تاریخ میں سائبر کرائم کا ایک انوکھا اور منفرد واقعی دیکھنے میں آیا ہے جس میں مرد کو ہراساں کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ویسے تو سائبر کرائم کے تحت اب تک خواتین کو ہراساں کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے،اور پھر ان کے خلاف کاروائی کی گئی ہے تا ہم اب پاکستان میں سائبر کرائم کا ایسا منفرد واقعہ سامنے آیا ہے جس میں مرد کو خاتون کو ہراساں کرنے پر گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ایک خاتون کو مرد کو ہراساں کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

سندھ کے شہر خیرپور میرس میں ایک خاتون کی جانب سے مرد کو ہراساں اور بلیک میل کیے جانے کی واردات سامنے آئی ہے۔ مرد کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے خاتون کو گرفتار بھی کیا اور اس نے دوران تفتیش اعتراف بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر مُنیر شیخ کے مطابق خیرپور میں شادی سے انکار پر ایک خاتون نے مرد کو واٹس ایپ اور فیس بُک پر پیغامات بھیج کر ہراساں کیا اور بلیک میل کرکے مرد سے پیسے بھی وصول کیے اور مذکورہ مرد کی قابل اعتراض تصاویر بھی جاری کیں۔

ملزمہ نے مرد سے مزید رقم کا بھی مطالبہ کر رکھا تھا۔آخر کار تنگ آکر مرد نے سائبر کرائم سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر مدعی نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سے رجوع کرکے شکایت درج کرائی۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے کمپیوٹر اور موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ خاتون نے دورانِ تفتیش مرد کو ہراساں اور بلیک میل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ مرد کی جانب سے شادی سے انکار پر اُس نے اسے ہرساں کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم مدعی اور ملزمہ میں راضی نامہ ہونے پر خاتون کو رہا کر دیا گیا۔