آئرلینڈ سے ورلڈ کپ میں شکست آج بھی یاد ہے: امام الحق

آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو یادگار بنانے کی کوشش کروں گا،اوپنر

جمعرات مئی 11:47

آئرلینڈ سے ورلڈ کپ میں شکست آج بھی یاد ہے: امام الحق
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی 2018ء) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کو آئرلینڈ سے شکست یاد ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں امام الحق نے اپنے چچا کی قیادت میں ٹیم پاکستان کی آئرلینڈ سے شکست کو مایوس کن دن قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ وہ دن آئرلینڈ کیلئے خوشگوار یادیں رکھتا ہے مگر ہمیں بہت مایوسی ہوئی تھی ،امام الحق نے کہا کہ بھارت کی بنگلہ دیش سے شکست پر بطور پاکستانی ہمیں خوشی ہوئی تھی تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے. شکست اور جیت پر الگ الگ ری ایکشن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق کا مزید کہنا تھا کہ وہ آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

کیریئر کے اولین ون ڈے میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر نے کہاکہ کوئی بھی فارمیٹ ہوپہلی اننگز کا اضافی دباﺅضرور ہوتا ہے لیکن وہ اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریںگے۔

ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز ایشیائی ٹیموں کے لیے آسان نہیں ہوتیںاور ان کی فٹنس کا بھی سخت امتحان ہوتاہے، ہم لاہور میں سخت ٹریننگ کے مراحل سے گزرے، انگلینڈ میں بھی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا تاہم آئرلینڈ کیخلاف کامیابی کے ساتھ ٹور کا فاتحانہ آغاز کریں گے، انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں،سب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین واحد ٹیسٹ میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا، یہ ٹیسٹ میچ آئرلینڈ کی لمبے فارمیٹ میں پہلی اینٹری ہوگی، آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں امام الحق کو بھی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ ملنے کا امکان ہے، امام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کسی بھی نوجوان کا خواب ہوتا ہے،وہ پہلے میچ سے قبل نروس ضرور ہیں مگر ایک روزہ کرکٹ میں سنچری سکور کرنے سے اعتماد میں اضافہ ہوا اور دونوں وارم اپ میچز میں اچھا کھیلنے سے بھی اعتماد ملا ہے۔