Live Updates

اگر چودھری نثار علی خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار نہ کی تو؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 12:03

اگر چودھری نثار علی خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار نہ کی تو؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نےکہا کہ اب انتخانی شخصیات کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے آئندہ انتخابات میں کس پارٹی سے الیکشن لڑنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب فرق یہ ہے کہ ایسے کئی لوگوں نے ہم سے رابطہ کر کے ہمیں کہا ہے کہ ہم عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے اور جیتنے کے بعد آپ کی جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔

لیکن ہم نے ان میں سے ایک ایک کو کہا کہ ہمیں یہ بالکل نامنظور ہے۔ اگر آپ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے اور پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں گے تو ہم آپ کے مقابلے میں اپنا اُمیدوار لائیں گے۔ ہم نہیں چاہتے کہ اُمیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں اور اس کے بعد ان کا کوئی پاور گروپ بنے ، جو بھی انتخابی شخصیات آئیں گی وہ ہماری پارٹی کے بینر کے پیچھے ہمارے بلے کے نشان پر لڑیں گے۔

(جاری ہے)

اور ان پر ہماری پارٹی کا نظم و ضبط بھی لاگو ہو گا۔ چودھری نثار علی خان سے متعلق سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ اگر چودھری نثار علی خان ہماری پارٹی میں آئے اور خان صاحب نے فیصلہ کیا کہ وہ انہیں قبول کریں گے تو وہ سر آنکھوں پر ، لیکن اگر وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے تو وہ ہمارے لیے نا قابل قبول ہے۔ اگر وہ آزادانہ حیثیت میں الیکشن لڑتے ہیں تو یقیناً ہم ان کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور دوسری جانب پی ٹی آئی کی سیاسی حریف اپنے انتخابی اُمیدواروں نے ہاتھ دھوتے جا رہے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی قیادت اور ان کے نئے بیانیے سے غیر متفق نظر آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سیاسی حلقوں میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر چودھری نثار علی خان پارٹی چھوڑ کر کسی اور جماعت میں شامل ہو جائیں گے، چودھری نثار علی خان کی جانب سے پارٹی قیادت اور نواز شریف پر تنقید ایک طرف لیکن انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی بارہا تردید کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وہ صاف کہہ چکے ہیں کہ میں پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں کروں گا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق چودھری نثار علی خان آئندہ الیکشن میں آزادانہ حیثیت میں ہی الیکشن لڑتے نظر آ رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات