سعودی عرب میں حوثیوں کے جاسوس کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز

ملزم کو تعزیرات کے تحت سزائے موت دی جائے،سعودی پراسیکیوٹر جنرل کا عدالت سے مطالبہ

جمعرات 10 مئی 2018 12:23

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) سعودی دارالحکومت ریاض میں یمنی شہریت رکھنے والے ایک شخص کے خلاف فوجداری عدالت میں سماعت کا انعقاد ہوا۔ مذکورہ شخص پر متعدد جرائم اور حوثی جماعت کے لیے مخبری کرنے کے الزامات ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ملزم نے مالی رقم اور منصب کے عوض سعودی عرب کے معاند دہشت گرد اطراف کے لیے مخبری انجام دی۔

اس دوران اس نے حوثی باغیوں کو سعودی سرکاری اور عسکری تنصیبات کے بارے میں معلومات اور تصاویر فراہم کیں۔

(جاری ہے)

اس کارروائی کا مقصد مملکت کی سکیورٹی، مفادات اور املاک کو نقصان پہنچانا تھا۔ملزم یہ اقرار کر چکا ہے کہ یمنی دارالحکومت پر حوثی ملیشیا کے قبضے کے بعد سے وہ باغی ملیشیا کا حامی ہے۔ ملزم نے یمن میں باغی حوثی تحریک کی قیادت اور عناصر کے ساتھ رابطے کے لیے واٹس ایپ پروگرام کا استعمال کیا۔ملزم غیر قانونی طور پر دراندازی کے ذریعے مملکت میں داخل ہوا تھا۔سعودی پراسیکیوٹر جنرل نے ملزم کی جانب سے مرتکب جرائم کی خطرناک نوعیت کے پیش نظر عدالت سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو تعزیرات کے تحت سزائے موت دی جائے۔