لیاری میں جرائم پیشہ افراد دوبارہ متحرک ہوگئے‘گینگ وار کے واقعات میں اضافہ

کلا کوٹ میں مسلم لیگ نون کے دفتر پر فائرنگ اور دستی بم سے حملہ‘قانون نافذکرنے والے اداروں کی جوابی کاروائی سے3 ملزمان ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 مئی 2018 12:38

لیاری میں جرائم پیشہ افراد دوبارہ متحرک ہوگئے‘گینگ وار کے واقعات میں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 مئی۔2018ء) لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تین امن دشمن ہلاک کردئے گئے ہیں۔کراچی میں لیاری گینگ وارکارندے پھر سرگرم ہوگئے۔ گینگ وار کے کارندوں نے علاقے میں فائرنگ اوردستی بم کا آزادانہ استعمال شروع کردیا۔کلاکوٹ میں غریب شاہ روڈ پرگینگ وارکارندوں نے سیاسی جماعت کے دفتر میں گھس کرفائرنگ کردی، فائرنگ سے عقیل رحمانی اورعثمان زخمی ہوگئے۔

جوابی فائرنگ سے حملہ آوراسد بھی زخمی ہوگیا، پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتارکرلیا۔فرارہونے والے ملزم کے دیگرساتھیوں نے بزنجوچوک پردستی بم بھی پھینکے۔ جس کے نتیجے میں عمران نامی شخص زخمی ہوگیا۔ دستی بم پھٹنے سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی، پولیس کے مطابق زخمیوں کاتعلق مسلم لیگ (ن )سے ہے۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری کلاکوٹ میں رات گئے بابا لاڈلا گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں جبکہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز نے رات گئے سرچ آپریشن نون لیگ کے دفترپرحملے کے بعد کیا، بابا لاڈلا گروپ کے کارندوں نے نون لیگ کے دفترپرحملہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ چار روز قبل صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندے کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کیا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان چینی باشندے چن زو کوکلفٹن میں قتل کرنے کے بعد اندرون سندھ روپوش ہوگئے تھے۔ گزشتہ ہفتے کراچی میں سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ پر سی ٹی ڈی نے کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چندہ جمع کرنے والی رسیدیں برآمد کی تھیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان فنڈز جمع کرکے افغانستان بھجواتے تھے، دہشت گردوں نے افغانستان سے ٹریننگ بھی حاصل کررکھی تھی۔