امریکی سی آئی ا ے کی نامزد خاتون سربراہ کا قیدیوں پر تشدد نہ کرنے کا اعلان

اگر صدر بھی کہیں گے تو قیدیوں پر تشدد نہیں کیا جائے گا،سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر بیان

جمعرات 10 مئی 2018 13:11

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی نامزد سربراہ جینا ہاسپل نے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں یہ ادارہ قیدیوں کے ساتھ تشدد کے طریقے استعمال نہیں کرے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے سینیٹ کی انٹیلی جنس ایجنسی سے کہا کہ اگر صدر بھی کہیں گے تو قیدیوں پر تشدد نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہاسپل تھائی لینڈ میں سی آئی اے کے ایک خفیہ حراستی مرکز کی نگران بھی رہ چکی ہیں، جہاں مشتبہ افراد کے خلاف تحقیقات کے متنازعہ طریقوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 2003تا 2005 اس مرکز میں واٹر بورڈنگ کا طریقہ کار بھی استعمال کیا گیا۔ امریکی صدر نے ہاسپل کو اس ادارے کی سربراہ کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔ اگر وہ اس عہدے کے لیے منتخب کر لی گئیں تو پہلی مرتبہ اس اہم امریکی ادارے کی کمان ایک خاتون کے ہاتھوں میں آ سکے گی۔