جاپان ،چین اورجنوبی کوریا ،شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف متفق

تینوں ممالک کاملکر شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کا عزم،آزاد تجارتی معاہدے پر بھی گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 13:11

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) 2015 کے بعد ہونے والے پہلے سہ فریقی مذاکرات میں چین، جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف اتفاق کر لیا ۔ یہ تینوں ممالک مل کر شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جاپانی شہر ٹوکیو میں ہونے والے اس سہ فریقی اجلاس میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے، جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ شامل تھے۔

ان مذاکرات میں ایک علاقائی آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔جنوبی کوریائی رہنما مون جے اِن نے اپنے مذاکراتی ساتھیوں کو اپنی اس تاریخی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، جو انہوں نے ستائیس اپریل کو شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اٴْن سے کی تھی۔

(جاری ہے)

اپنے افتتاحی کلمات میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے چین اور جنوبی کوریا کی ان کوششوں کی بھی تعریف کی، جن کا مقصد شمالی کوریا کو مذاکرات کی میز پر لانا تھا۔

آبے کا مزید کہنا تھا کہ اسی تیزی کے ساتھ شمالی کوریا کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا سکنے والے ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں کی جانا چاہییں۔جاپانی وزیر اعظم کے مطابق اگر شمالی کوریا کے ساتھ جوہری، میزائل اور جاپانی شہریوں کے اغوا کے مسائل حل کر لیے جاتے ہیں، تو ان کا ملک شمالی کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کر لے گا۔

ایک جاپانی عہدیدار کے مطابق اس ملاقات میں ایک آزاد تجارتی معاہدہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد علاقائی سطح پر اور جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کے ساتھ بھی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ مذاکرات ایک ایسے وقت پر ہو رہے ہیں، جب شمالی کوریا کے حوالے سے خطے میں سفارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔چینی وزیر اعظم گزشتہ روز آٹھ برس بعد پہلی مرتبہ جاپان پہنچے تھے، جہاں جاپانی بادشاہ آکی ہیٹو نے ایک ملاقات کے لیے انہیں شاہی محل میں بھی خوش آمدید کہا تھا۔ رواں برس چین اور جاپان اپنے دوستی کے معاہدے کا چالیس سالہ جشن بھی منائیں گے۔ تاہم ماضی کی جنگی تلخیوں کی وجہ سے ان دونوں ممالک کے تعلقات ابھی تک قدرے پیچیدہ اور کچھ مشکلات کا شکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :