مقبوضہ کشمیر میں قتل عا م حریت رہنمائوں اور مسلح نوجوانوں سمیت تمام فریقوں کے درمیان بات چیت سے ہی بند کیا جاسکتا ہے، او پی شاہ

جمعرات 10 مئی 2018 13:16

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) ممتاز بھارتی تجزیہ کار او پی شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عا م کو حریت رہنمائوں اور مسلح نوجوانوں سمیت تمام فریقوں کے درمیان بات چیت سے ہی بند کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق او پی شانے جو سینٹر فار پیس ایند پراگرس کے چیئرمین بھی ہیں سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامے کو نئی دلی سے ٹیلیفونک انٹرویو میں کہا کہ قتل عام کو روکنے کیلئے ہر ایک کو آگے آنا چاہیے کیونکہ بات چیت میںہی جمہوریت کا حسن ہے ۔

او پی شاہ نے نریندر مودی کی حکومت پر زور دیا کہ وہ حریت رہنمائوں اور مجاہدین کے ساتھ بات چیت کا آغازکریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے پریشان ہے اور حالات کی بہتری چاہتا ہے لہذا ہمیں قتل عام رکوانے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو بھی تعلقات کی بہتری کیلئے بات چیت کرنی چاہیے۔