ہمت مرداں ۔۔ مدد خدا ، ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی کا کارنامہ

ریلوے اسٹیشن کا وائی فائی استعمال کر کے پڑھائی کی اور پاس بھی ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مئی 2018 13:03

ہمت مرداں ۔۔ مدد خدا ، ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے قلی کا کارنامہ
کیرالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2018ء) : بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت سول سروس کا امتحان پاس کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے اور دن بھر لوگوں کے سامان کا بووجھ اپنے کاندھوں پر لادنے والے نوجوان نے اپنی پڑھائی کے لیے ریلوے اسٹیشن کا وائی فائی استعمال کیا اور سول سروس کا امتحان پاس کر لیا۔

شری ناتھ گذشتہ 5 سالوں سے ایرناکولم ریلوے اسٹیشن پر بطور قلی کام کر رہا ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر آنے والے مسافروں کا سامان اُٹھانے اور دن بھر کی تھکان کے باوجود شری ناتھ نے سول سروس کے امتحان کے لیے دل لگا کر تیاری کی اور کامیابی حاصل کر لی۔ شری ناتھ نے ریلوے اسٹیشن پر لگے وائی فائی کی مدد سے کیرالہ پبلک سروس کمیشن کا تحریری امتحان پاس کر لیا۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شری ناتھ نے بتایا کہ میں ریلوے اسٹیشن پر موجود مفت وائی فائی سے تیاری کرتا تھا، میں نے تین مرتبہ یہ امتحان دیا، اس مرتبہ میں امتحان میں کامیاب اس لیے ہوا کیونکہ میں سامان اُٹھاتے ہوئے بھی اپنے کانوں میں ہینڈ فری لگا کر رکھتا اور امتحان سے متعلق سوالوں کو اپنے ذہن میں ہی حل کر لیتا تھا۔ اسی طرح میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی بھی کرتا تھا۔

مجھے جب بھی فارغ وقت ملتا میں رات میں بیٹھ کر سب کچھ دوہرا لیتا تھا۔ کیرالہ پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے تیسرے مرحلے میں ابھی شری ناتھ کو انٹرویو دینا ہے۔ شری ناتھ نے کہا کہ میں کام کرتے ہوئے بھی اپنی پڑھائی کو جاری رکھوں گا کیونکہ مجھے اپنے خاندان کو پالنا اور ان کا خیال رکھنا ہے۔ مجھے اچھی نوکری کے لیے جتنے امتحان بھی دینا پڑے میں دے دوں گا ۔ سوشل میڈیا صارفین نے شری ناتھ کی اس ہمت کی داد دی اور کہا کہ شری ناتھ بلا شبہ ایک محنتی نوجوان ہے جو اتنی سی کم عمر میں ہی محنت کی عظمت کو سمجھ گیا ہے۔