پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن کا ’ ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس‘ سے اظہار لاتعلقی

جمعرات 10 مئی 2018 13:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر خواجہ ادریس حیدر نے کہا ہے کہ ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس کا پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اخبارات و میڈیا پر پروپیگنڈے کے تحت پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کا نام استعمال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہم اس ریس کے انعقاد کی مخالفت کرتے ہیں اور حکام بالا سے مطالبہ ہے کہ اسکو فوری طورپر روکا جائے۔پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن کے جنر ل سیکریٹری خالد محمود نے بھی ٹور ڈی خنجراب سائیکل ریس سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ریس کا پی او اے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوںنے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سائیکلسٹوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اس ریس کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کریں کیونکہ گلگت سے خنجراب پاس تک خطرناک ترین پہاڑی راستے سائیکلسٹوں اور منتظمین کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔