سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں سی ای او ایئر بلیو شاہد خاقان کوطلب کر لیا

جمعرات 10 مئی 2018 14:13

سپریم کورٹ نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس میں سی ای او ایئر بلیو شاہد خاقان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے شاہد خاقان عباسی کو بحیثیت سی ای او ایئربلیو پرسوں ہفتہ کو کراچی میں طلب کر لیا،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے مفادات کا ٹکرا اپنی جگہ ہے، سربراہ ایئر بلیو کو بطور وزیراعظم نہیں بلکہ سی ای او کے طور پر بلا لیتے ہیں۔جمعرات کو پائلٹس کی مبینہ جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے استفسار کیا ایئر بلیو کے سربراہ کون ہیں ابھی تک ڈیٹا کیوں نہیں دیا ایئر بلیو کے چیف ایگزیکٹو آکر بتائیں کتنے افراد کی جعلی ڈگریاں ہیں۔ جس پر حکام نے جواب دیا وزیراعظم شاہدخاقان عباسی ایئربلیو کے سی ای او ہیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا پاکستان میں کتنی ایئر لائنز کام کر رہی ہیں جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا پی آئی اے، شاہین، ایئربلیو اور سیرین ایئرلائنز کام کر رہی ہیں، پی آئی اے کے 108 افراد کے ڈیٹا کی سول ایوی ایشن نے تصدیق کر دی، 117 افراد کے ڈیٹا کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا پی آئی اے کے کتنے اسٹاف کی تصدیق کرنی تھی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا 1978افراد کی ڈگریوں کی تصدیق ہونی ہے۔