ترنول کے علاقہ جودھ محلہ پیر بخش میں چار روز سے ٹرانسفارمر خراب‘محکمہ کی مکمل چشم پوشی

گرمی کے باعث عوام علاقہ شدید اذیت میں مبتلا ہو گئے‘ محکمے کی غفلت اور لاپرواہی کیخلاف احتجاج کا اعلان محکمہ برقیات حکومت کی بدنامی کا باعث بننے لگا‘ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی فوری طور پر نوٹس لیں‘عوام علاقہ

جمعرات 10 مئی 2018 14:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) محکمہ برقیات حکومت کی بدنامی کا باعث بننے لگا‘ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی فوری طور پر نوٹس لیں- تفصیلات کے مطابق محکمہ برقیات کے حکام کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اسلام آباد کے نواحی علاقہ ترنول جودھ محلہ پیر بخش میں چار دن گزر گئے ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث بجلی بند ہے لیکن محکمہ کے متعلقہ اہلکار اس سے چشم پوشی اختیار کئے بیٹھے ہیں-گرمی کے باعث عوام علاقہ محلہ پیر بخش شدید اذیت سے دوچار ہیں-عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ محکمہ برقیات کا عملہ حکومت کو بدنام کرانے کیلئے عوام کو جان بوجھ کر اذیت سے دوچار کر رہا ہے جس کا وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی فوری طور پر نوٹس لیں-گرمی کی وجہ سے عوام علاقہ بے حال ہو چکے ہیں لیکن متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی-عوام علاقہ کا محکمہ برقیات کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان-