ملائیشیا کے انتخابات میں مہاتیر محمد کامیاب حامیوں کا جشن

جمعرات 10 مئی 2018 14:37

کوالالمپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) ملائیشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کی کامیابی کے بعد حامیوں نے جشن منایا۔ مہاتیرمحمد کی 15 سال بعد سیاست میں واپسی ہوئی ہے۔غیر ملکی زرائع ابلاغ کے مطابق انتخابات کے نتائج واضح ہونے کے بعدحزب مخالف کے حامی جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ملائیشیا کے الیکشن کمیشن کے مطابق مہاتیر محمد اور اتحادی جماعتوں نے 115نشستیں حاصل کیں، حکومت بنانے کے لئے 112نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

حریف جماعت باریسن نیشنل نے 79 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بعض نشستوں پر گنتی کا عمل جاری ہے۔انتخابات میں کامیابی کے بعد مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ آج تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ میں انتقامی سیاست کا روادار نہیں قانون کی بحالی چاہتا ہوں۔وزیر اعظم نجیب رزاق کی حکمران جماعت باریسن نیشنل اور مہاتیر محمد کی جماعت کے درمیان مقابلہ تھا۔ ملائشیا میں ہونے والے عام انتخابات میں 14اعشاریہ9 ملین رجسٹرڈ ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ مہاتیر محمد نے برسرِاقتدار باریسن نیشنل اتحاد کو شکست دی ہے جو کہ گذشتہ 60 سالوں سے اقتدار میں ہے۔