کیا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پولیس کو 2025 تک مہلت دی جائی ، سندھ ہائیکورٹ

جمعرات 10 مئی 2018 14:50

کیا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پولیس کو 2025 تک مہلت دی جائی ، سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ کیا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے پولیس کو 2025 تک مہلت دے دی جائی ۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ میں 60 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ شہریوں کی بازیابی کے لیے پولیس کی جانب سے پیش رفت نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

فاضل جج نے پولیس افسران سے کہا کہ آپ یہاں آکر عدالت اور لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ پر احسان کرتے ہیں، کیا آپ چاہتے ہیں کہ آئی جی سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جائی ، جے آئی ٹیز کا اجلاس محض اس لیے بلاتے ہیں تاکہ تصاویر کھنچوائی جا سکیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے کہا کہ ایس پی اور تفتیشی افسران کے درمیان خط و کتابت میں مہینوں لگ جاتے ہیں، آپ لوگ چاہتے ہیں آپ کو 2025 تک کی مہلت دے دی جائے، اور کیا 2025 تک بھی لاپتہ افراد کو بازیاب کرالیں گی ، پولیس اور جے آئی ٹیز کی کارکردگی صفر ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خاتون عروسہ نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ میرا شوہر ثاقب آفریدی 3 سال سے لاپتہ ہے، 5 بچے ہیں، بچوں کو کیا جواب دوں ان کا والد کن کے پاس ہے، مجھے بتائیں میں کہاں جائوں، اپنے ہی ملک میں ہمارے ساتھ یہ کیا سلوک ہورہا ہے، 4 بیٹیاں ہیں، انہیں لے کر کہاں جائوں۔