کراچی، لیاری میں پولیس مقابلہ3 ملزمان ہلاک،

ملزمان سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد

جمعرات 10 مئی 2018 14:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) شہرقائد کے علاقے کلاکوٹ لیاری میں پولیس نے مقابلے کے دوران گینگ وار کے 3 کارندے ہلاک ہوگئے ،ان سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے قریب مسلم لیگ( ن( سائوتھ کے نائب صدر عقیل رحمانی کے گھرپر گینگ وار ملزمان نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں عقیل رحمانی کو 6 گولیاں لگیں۔

انہیں تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔حملہ آوروں پر عقیل کے گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے حملہ آور اسد اور عثمان زخمی ہوگئے، بھاگنے کی کوشش کے دوران عوام نے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے ان پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں راہگیر عمران زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حملہ آور ملزم اسد اور عثمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عقیل رحمانی پر زاہد لاڈلہ کا یہ آٹھواں حملہ تھا،اس سے قبل ہونے والے حملوں کے مقدمات کلالوٹ تھانے میں درج ہیں جن میں زاہد لاڈلہ نامزد ملزم ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے کلاکوٹ میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے ، فوری طور پر ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ہلاک ملزمان کے عقیل رحمانی پر حملے میں ملوث ہونے کو پولیس ثابت نہیں کرسکی۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں جبکہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔