فیصل آباد میں 19سستے رمضان بازار لگانے کا اعلان کر دیا گیا

جمعرات 10 مئی 2018 15:30

فیصل آباد۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) رمضان المبارک کے دوران فیصل آباد کے شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے 19سستے رمضان بازار لگانے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ رمضان بازار15مئی سے فنکشنل کر دیئے جائیں گے جن کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو انتظامات مکمل کرنے کیلئے 13مئی تک کی مدت دے دی گئی ہے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد نے رمضان بازاروں کے انعقاد کے انتظامات کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز صولت حیات وٹو ‘ شہریار عارف ‘ عفیفہ شاجیہ ‘ عبدالرزاق ڈوگر ‘ عبدالغفار کے علاوہ ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ تنویر شامی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید ‘ ڈی او انڈسٹریز خالد محمود ‘ ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم ‘ ڈاکٹر بلال احمد ‘ چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن و ضلع کونسل زبیر حسین نت ‘ نعیم الله وڑائچ ‘ سول ڈیفنس ‘ پولیس‘ میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے رمضان بازاروں کے تمام تر انتظامات کو جامع بنا کر صارفین کیلئے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ انتظامات اور اشیائے ضروریہ کی سستے داموں دستیابی کیلئے گزشتہ سال سے بھی بہتر انداز میں سستے رمضان بازاروں کا انعقاد ہونا چاہئے ۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن و ضلع کونسل ‘ٹائونز کمیٹیز اور دیگر محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ رمضان بازاروں کے انعقاد کے لئے بھر پور کردار ادا کریں اور بازاروں میں تعمیر و مرمت ‘ رنگ و روغن سمیت دیگر انتظامات کو قبل از وقت مکمل کر لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور ان بازاروں کے انتظامات چیک لسٹ کے مطابق ہونے چاہئیں جن کی باقاعدگی سے کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت ‘ مارکیٹ کمیٹی ‘ صحت ‘ انڈسٹریز ‘ سول ڈیفنس ‘ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘ پارکنگ کمپنی ‘ واسا ‘ پی ایچ اے‘ خوراک و لائیو سٹاک کے افسران و سٹاف کو ڈیوٹیز تفویض کی گئی ہیں جن میں کوئی کمی یا خامی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے فوکل پرسن / انچارجز تمام تر ضروری اقدامات کی مجموعی نگرانی کریں گے۔