بھارت اور امریکا سے پاکستان کے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہیں، صدر آزاد کشمیر

واشنگٹن میں ہماری بات نہیں سنی جارہی،بین الاقوامی برادری،خاص طور پر اقوام متحدہ خطے کی کشیدہ صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دونوں ملک جوہری طاقتیں ہیں، اس ناطے انہیں سمجھ داری کا مظاہرہ اور تحمل سے کام لینا چاہیے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 15:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ واشنگٹن میں ہماری بات نہیں سنی جارہی، بھارت اور امریکا سے پاکستان کے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہیں،بین الاقوامی برادری،خاص طور پر اقوام متحدہ خطے کی کشیدہ صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دونوں ملک جوہری طاقتیں ہیں اور اس ناطے انہیں سمجھ داری کا مظاہرہ کرنا اور تحمل سے کام لینا چاہیے۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہناتھاکہ بھارت کشمیر میں غیر قانونی بستیاں ختم کرے۔ بھارت نے کشمیر میں ظلم اور بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

مسعود خان نے کہا کہ آٹھ جولائی دو ہزار سولہ سے اب تک بھارت نے سیکڑوں کشمیریوں کو شہید،سیکڑوں کو بصارت سے محروم کیا ہے۔

کشمیر میں ہزاروں افراد کو لاپتہ کیا گیا ہے جبکہ کئی گمنام اجتماعی قبریں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکا سے پاکستان کے تعلقات بہت بڑا چیلنج ہیں۔بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ خطے کی کشیدہ صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔