کراچی بیچ گیمز میں تین سنسنی خیز اور جوش و ولولے سے بھر پور سائیکل ریسز ہونگی،عابد علی ایڈووکیٹ

سائیکلسٹوں کی سلیکشن مکمل کرلی گئی ، ججز و ٹیکنیکل آفشلز کا اعلان کردیا گیا۔کلیم اعوان کی بریفنگ

جمعرات 10 مئی 2018 16:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 13مئی کو ہونے والے چوتھے پیزا ہٹ بیچ گیمز میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ’’ سینٹ اینڈ واٹر سائیکل ریسز ‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ یہ بات جمعرات کوسندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائیکورٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے بتائی۔

انہوںنے بتایا کہ جوش وولولے اور سنسنی خیزی لئے تین مختلف سائیکل ریسوں کا انعقاد ہوگا جس میں پانی میں 5کلومیٹر اسپرنٹ ریس ، 1کلومیٹر واٹراینڈ سینٹ سرکل ریس اور 1کلومیٹر واٹر اینڈ سینٹ زگ زیگ ریس شامل ہیں ۔ کراچی کے چاروں ڈویژن کے 8منتخب سائیکلسٹوں میں احسان اللہ ، ایم اکرم بلوچ، محمد حسین بلوچ، ماسٹر رحیم بلوچ، ایم ظہیر خان، محمد اکبر بلوچ، حبیب اللہ اور سراج بلوچ شامل ہیں جب کہ اسٹینڈ بائی میں بابو بلوچ، محمد علی بلوچ اور عرفان بلوچ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

عابد علی ایڈووکیٹ نے انٹرنیشنل سائیکلنگ کوچ اور کراچی ویسٹ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر جمعہ خان بلوچ کو ریس کا چیف جج مقرر کیا ہے جب کہ دیگر ججز میں خان محمد بلوچ، محمد رفیق ، ملک نعیم اعوان، ملک فہیم اعوان اور عر فان حنیف شامل ہیں۔ کلیم اعوان کی نگرانی میں سائیکلسٹوں کی بھر پور ٹریننگ کلفٹن کے ساحل پر زور و شور سے جاری ہے۔