سپریم کورٹ ،ْعمران خان کی عام انتخابات الیکٹرانک مشین سے کرانے کی استدعا مسترد

جمعرات مئی 16:17

سپریم کورٹ ،ْعمران خان کی عام انتخابات الیکٹرانک مشین سے کرانے کی استدعا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے عمران خان کے وکیل کی آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے کی استدعا مستردکرتے ہوئے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹ نکالنے سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا دی جبکہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ الیکشن میں وقت کم رہ گیا ہے ،ْالیکشن 2018 کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔

جمعرات کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹوں کے اخراج سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حامد خان نے موقف اپنایا انتخابی فہرست پر تصاویر شائع ہو چکی ہیں، عدالت ووٹنگ کیلئے الیکٹرانک مشین کا حکم دے، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے پہلے تجربہ کیا جانا لازمی ہے، الیکشن میں وقت کم رہ گیا ہے، الیکشن 2018 کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ مستقبل کے انتخابات کیلئے عدالت رپورٹ طلب کر لے، چیف جسٹس نے کہا کہ اس مرحلے پر رپورٹ طلب کی تو کنفیوژن پیدا ہوگی، عدالت نے ووٹر فہرست سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا دی اور قرار دیا کہ مستقبل میں بوقت ضرورت درخواست دیکر مقدمہ بحال کروایا جا سکتا ہے۔