مقبوضہ کشمیر، حریت رہنمائوں کی سرینگر کے ہسپتال میں زخمی طلباء کی عیادت

جمعرات 10 مئی 2018 16:25

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش ، جاوید احمد میراور حکیم عبدالرشید بھارتی فورسز کے ہاتھوں حال ہی میں شوپیاں، سرینگر ،پلوامہ اور کولگام میں زخمی ہونے والے کم عمر کشمیری طلباکی عیادت کیلئے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اس موقع پربھارتی فورسز کی ظالمانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی نئی نسل کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اسکے گماشتے جبر و استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں پرمظالم رکونے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

انہوںنے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیریوں کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ حریت رہنمائوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کر کے تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ بات چیت کرے۔