حکومت ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں سلور میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے، قرة العین

جمعرات مئی 16:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) انٹرنیشنل کھلاڑی اور قومی چیمپئن سندھ کی ٹیم کی کپتان قرة العین نے کہا ہے کہ حکومت کو ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں سلور میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں اگر ان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ بھی ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں ٹائٹل کے دفاع پر خوشی ہوئی ہے اور یہ کامیابی پوری ٹیم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے سندھ ٹیم کو صوبائی حکومت کے تعاون کرنے پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کھلاڑیوںکی تربیت کیمپ کے دوران سہولیات فراہم کی ہیں۔

(جاری ہے)

قرة العین نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ مردوں کی قومی ٹیم کو ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر انکی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بہتری کیلئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والی سندھ کی خواتین ٹیم میں قرةالعین (کپتان)، نایاب رضیہ(نائب کپتان)، سکینہ مودی،، یسرا شعیب، سمبل زہرہ، شبانہ معین، کاشیہ بٹ، کرینہ، حمیرا ھما ، کنول عمر اور کرن شامل تھیں جبکہ اعجازا لدین منیجر اور کنزہ بلوچ کوچ کومقررکیا گیا تھا۔