سرفراز احمد کو فکسنگ کی پیشکش کرنے والے بکی کے گرد گھیرا تنگ

آئی سی سی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا

جمعرات 10 مئی 2018 16:35

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) سرفراز احمد کو فکسنگ کی پیشکش کرنے والے بکی کے گرد گھیرا تنگقومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فکسنگ کی پیش کش کرنے والے بکی عرفان انصاری پر آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا گیا ہے ۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے عرفان انصاری پر سہولت کاری ، سازش کرنے اور آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کو توڑنے کے لیے اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جب کہ انہیںہر قسم کی کرکٹ سرگرمی کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے معطل بھی کردیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں دبئی میںسٹے بازوں نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کوسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تھی، سپاٹ فکسنگ کی یہ پیشکش قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے پہلے کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم دبئی میں جس ہوٹل میں قیام پذیر تھی اسی ہوٹل میں شاپنگ مال بھی موجود ہے جہاں سرفراز احمد اپنی فیملی کے ہمراہ موجود تھے ، اس دوران ایک مشکوک شخص نے انہیں روکا اور بات کرنا چاہی جس پر سرفراز احمد اسے اپنا مداح سمجھے۔

یہ مشکوک شخص حلئے سے پاکستانی معلوم ہوتا تھا اور اس نے سرفراز احمد کو دوسرے ون ڈے میچ سے پہلے سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ہی روز اس بات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جب کہ انہوں نے لاہور میں پی سی بی کے ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل ریٹائرڈاعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتایا۔ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد دبئی میں مشکوک افراد کی نگرانی سخت کردی گئی اور پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو غیر متعلقہ لوگوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ۔۔پی سی بی نے پہلے سرفراز کو فکسنگ کی پیش کش کی تردید کی تھی تاہم بعد میں چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے اس کا اعتراف کرلیا۔