پاکستان آزادانہ تجارت کے بلاک میں شمولیت حاصل کرنے میں کامیاب

اسلام آباد نے اس گروپ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا،ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر توقیر شاہ

جمعرات 10 مئی 2018 16:42

پاکستان آزادانہ تجارت کے بلاک میں شمولیت حاصل کرنے میں کامیاب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان نے عالمی تجارتی تنطیم کے تحت قائم 41 ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کے بلاک میں شمولیت اختیار کرلی ہے،جس کا مقصد عالمی خوشحالی و ترقی اور معاشی استحکام کیلئے ایک کثیرالجہتی تجارتی نظام کو فروغ دینا ہے۔گزشتہ روز ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کیلئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر توقیر شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے کثیرالجہتی نظام کے تحت قائم اس گروپ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان اس کے بانی ارکان میں شامل ہے،ہم اصولوں پر مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ارکان کی جانب سے 2017 میں عالمی تجارتی نظام کی بحالی کا خیر مقدم کیا گیا،جس میں تمام ممالک نے حصہ لیا اور ڈبلیو ٹی او کے بارے میں کی گئی آئندہ 2 سالہ پیش گوئی میں اس کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں رکن ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا،جس میں کہا گیا کہ حالانکہ ارکان تجارتی کشیدگیوں میں اضافے اور کثیرالجہتی تجارتی نظام کو لاحق خطرات کے حوالے تحفظات رکھتے تھے،لیکن پھر بھی انہوں نے ڈبلیو ٹی او کے ارکان کو خطرات میں اضافے کو نظر انداز کرنے اور اس حوالے سے تحفظ پسند اقدامات سے گریز کرنے پرآمادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاستوں کو باہمی اختلافات کے حل کیلئے مذاکرات کرنے اور تعاون بڑھانے کا کہا اور اس ضمن میں تنازعات کے حل کیلئے ڈبلیو ٹی او کا موثر پلیٹ فارم کارگر ثابت ہوگا۔مذکورہ بیان کے مطابق ارکان کا خیال ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے خاص طور پر مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں پیش آنے والی مشکلات اور تجارتی اور ترقی کے مختلف معیارات کو مدنظر رکھا گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق تنازعات کے حل کے نظام کے پیشِ نظر اپیلوں کی وصولی کیلئے قائم کردہ کمیٹی کی موجودہ اور مستقبل کی تمام خالی جگہوں کو پر رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔تنظیم کو موثر رکھنے کیلئے ہم تمام ارکان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے اقدامات کریں گے،جو نمائندہ ریاستوں کیلئے موثر اور قابلِ عمل ہوں۔اعلامیہ میں رکن ممالک نے عہد کیا کہ عالمی تجارتی تنظیم کو بہتر بنانے کیلئے کام جاری رہے گا۔واضح رہے اس غیرمعمولی بلاک کا قیام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ممکنہ طور پر لگائی گئی تجارتی پابندیوں کے ضمن میں عمل میں آیا ہے۔