رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ،لیاری گینگ وار کے 2ملزمان گرفتار

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری کے علاقے کلا کوٹ سے لیاری گینگ واربلال پپو اور رحمان ڈکیت گروپ کے 2 ملزمان اسد اور طلحہ کو گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان نے بدھ اور جمعرت کی درمیانی شب لیاری کلا کوٹ میں واقع ایک سیاسی جماعت کے دفتر میں میٹنگ کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سیاسی جماعت کے عہدیدار عقیل رحمانی زخمی ہوگئے ۔

فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اسد اوراس کا ایک ساتھی طلحہ بھی زخمی ہوا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملنے پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری فورا جائے واردات پر پہنچی ۔موقع وارات سے ملزم طلحہ کو بمعہ ایک ہینڈ گرینیڈ کے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم اسد کو سول ہسپتال سے حراست میں لیا گیا۔ رینجرز اور پولیس کو دیکھتے ہی ملزم اسدکے دو اور ساتھیوں نے فرار ہو نے کی کوشش کی اور دستی بم سے حملہ کر دیا۔ دونوں مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی بر آمد کر لیا گیا ہے ۔گرفتار شدہ ملزمان سے ابتدائی تفتیش سے یہ ثابت ہوا ہے کہ یہ واقعہ باہمی رنجش اور سیاسی عداوت کا نتیجہ ہے۔