سندھ کے تمام وومن پولیس اسٹیشنز کا نام تبدیل کرکے وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھ دیا گیا

جمعرات مئی 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس ٹریننگ کے جملہ امور کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جانے کے لئے ضروری ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے سندھ کے تمام وومن پولیس اسٹیشنز کا نام تبدیل کرکے وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن یونٹ رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے تمام ضروری احکامات دیئے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سندھ،،ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سندھ کے علاوہ اے آئی جی ایڈمن،اے آئی جی لاگ اور سندھ پولیس کے تمام ٹریننگ اسکولز وکالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی ٹریننگ نے دوران بریفنگ اجلاس کو سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کے اسٹیبلشمنٹ،نصاب،تربیتی پالیسی،استعدادی صلاحیت، ترقیاتی امور اور ویلفیئر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابتک بیس ہزار پولیس اہلکار پاکستان آرمی سے تربیت حاصل کرچکے ہیں اور ان میں سے 16970 پاس آؤٹ ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ3030 کو اسی ماہ پاس آؤٹ کردیا جائیگا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ بھر کے 450 پولیس اہلکاروں کو اسپیشلائزڈ کمانڈو ٹریننگ کے لئے منتخب کرنے کے علاوہ 142 انسٹرکٹرز کو بھی پاکستان آرمی سے ریفریشر کورس کے لئے نامزد کردیا گیا ہے ۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ اسی ماہ پاس آؤٹ ہونے والے 3030پولیس اہلکاروں کو کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دیدیا جائے تاکہ رمضان المبارک سیکیورٹی اقدامات کو مزیدغیرمعمولی بنایا جاسکے ۔آئی جی سندھ نے تمام پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پندرہ دن غیرحاضر ہوجانیوالے ریکروٹس کی تربیت میں بطور سزا ایک ماہ کی مدت کا اضافہ کردیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ رزاق آباد میں آئندہ صرف اور صرف ایگلیٹ کورس کا ہی انعقاد کیا جائے ۔

اس موقع پر انہوں نے تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز/کالجز کے پرنسپلز کو ہدایات دیں کہ پولیس تربیت کے مختلف مراحل اورمدت پر مشتمل باقاعدہ ایک شیڈول تیار کیا جائے اور بعداذاں اسکی کاپیاں زیرتربیت تمام پولیس اہلکاروں میں تقسیم کی جائیں تاکہ تربیت پر فوکس رکھتے ہوئے تمام اہلکار تربیت کی تکمیل کو کامیابی سے ممکن بناسکیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ زیرتربیت اہلکاروں کے لئے صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے ڈنرز، میوزیکل پروگرامز، سیروسیاحت ،،کھیل کود جیسے اقدامات کو ٹریننگ کے عمل کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے ۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ سندھ پولیس کے تمام تربیتی مراکز میں جاری ترقیاتی امور باالخصوص باؤنڈری والز کی تعمیر جیسے اقدامات کی جلد سے جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔اس حوالے سے انہوں نے ایڈیشنل آئی جی سندھ کو بھی ہدایات دیں کہ پولیس کے تمام تربیتی مراکز کا اندرون ایک ہفتہ دورہ کرکے جاری تمام ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ تیار کرکے برائے ملاحظہ و مزید ضروری اقدامات ارسال کی جائے ۔