عوام انتخابات میں سیاسی لوٹوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں، حامد حمید

جمعرات مئی 16:20

سرگودھا۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) ذاتی مفادات کی خاطر وفاداریاں بدلنے والے سیاسی مسافروں کے مقدر میں منزل نہیں ہے، یہ ساری زندگی سیاسی وفاداریاں بدلتے رہیں گے، معاشرہ کبھی انہیں عزت نہیں دیگا ،کل تک محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا دم بھرنے والے آج پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں ،عوام انتخابات میں ان سیاسی لوٹوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں، ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شمالی علاقہ جات و گلگت بلتستان چوہدری حامد حمید نے ایڈیٹرز کونسل سرگودھا ڈویژن کے زیر اہتمام میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ایڈیٹرز کونسل کے ممبران نے جمہوریت کے تسلسل، عوام کی حکمرانی اور جمہوریت کی بقاء کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے، سرگودھا میں سیوریج کا مسئلہ ہو یا پینے کے پانی کا، ایڈیٹرز کونسل اور اس کے ممبران نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ، چوہدری حامد حمید نے کہا کہ میں تسنیم احمد قریشی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سیاسی وفاداریاں نہ بدلیں اور اپنی پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے سرگودھا کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے، آنیوالا الیکشن ریفرنڈم ہوگا، ن لیگ ایک بار پھر برسر اقتدار آئیگی،چوہدری حامد حمید نے کہا کہ میرے بارے میں یہ نیوز آئی ہے کہ میرے بیرون ملک ہوٹل اور پٹرول پمپ ہیں، اگر یہ ثابت ہوجائے تو اہل سرگودھا جو سزاء دینگے قبول کرونگا، اس موقع پر صدر ایڈیٹرز کونسل ارشد محمود ارشی، سینئر نائب صدر رائو اسلم فراز، سینئر صحافی امیر افضل ملک، نائب صدر چوہدری حنیف ضیاء، جوائنٹ سیکرٹری رانا محمد اشرف، سیکرٹری اطلاعات شفیق طاہر نے بھی خطاب کیا۔