پنجاب سروس ٹربیونل نے پی سی ایس سروس میں اگلے عہدوں پر ترقی کیلئے کوٹہ کی غیر مساوی تقسیم کیخلاف درخواست نمٹادی

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) پنجاب سروس ٹربیونل نے پی سی ایس سروس میں اگلے عہدوں پر ترقی کیلئے کوٹہ کی غیر مساوی تقسیم کیخلاف دائر درخواست نمٹادی،عدالت نے پنجاب سیکرٹریٹ کیڈر سے تعلق رکھنے والے افسران کا کوٹہ اعشاریہ سات فیصد بڑھا دیا، پنجاب سروس ٹربیونل کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ شعیب سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار افسران کے وکیل ملک اویس خالد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اگلے عہدوں پر ترقی کیلئے پنجاب سیکرٹریٹ کیڈر سے تعلق رکھنے والے افسران کا کم کوٹہ رکھا گیا ہے جو کہ امتیازی سلوک اور آئین پاکستان کی سنگین خلاف ورزی ہے،انہوں نے بتایا کہ کوٹہ کی غیر مساوی تقسیم کی بناء پرپنجاب سیکرٹریٹ کیڈر کے افسران ترقی کیلئے نظر انداز ہو جاتے ہیں،انہوں نے بتایا کہ پنجاب مینجمنٹ کیڈرکے افسران کی اگلے عہدوں پر ترقی کیلئے ستر فیصد کوٹہ جبکہ پنجاب سیکرٹریٹ کیڈر کے افسران کا کوٹہ صرف تیس فیصدمقرر ہے،حکومت پنجاب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ کوٹہ کی تقسیم قواعد کے تحت عمل میں آتی ہے،جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنادیا،عدالت نے پنجاب سیکرٹریٹ کیڈر سے تعلق رکھنے والے افسران کا کوٹہ اعشاریہ سات فیصد بڑھاتے ہوئے مجموعی کوٹہ سینتیس فیصد کر دیا۔