طلباء سے زائد فیسوں کی وصولی روکنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کو خط لکھ دیا گیا

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) تعلیمی اداروں میں طلباء سے زائد فیسوں کی وصولی روکنے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کو خط لکھ دیا گیا،یہ خط جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی جانب سے لکھا گیا،خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ نے اضافی فیسوں کی وصولی روکنے اور فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار پر عمل درآمد کا حکم دے رکھا ہے جسے نافذ نہیں کیا گیا،خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل پچیس اے کے تحت شہریوں کو سستی تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے،عدالتی احکامات کے باوجود نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء سے بھاری فیسیں وصول کی جارہی ہیں جو کہ آئین اور عدالتی فیصلے کی کی سنگین خلاف ورزی ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ اگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی نہ بنایا گیا تو توہین عدالت کی کروائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔