لاہور ہائیکورٹ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعرات 10 مئی 2018 16:20

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) ہور ہائیکورٹ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی غیر قانونی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست پر فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جمعرات کوکیس کی سماعت کی، عدالت کے رو برو درخواست گزار حسین حیدر کے وکیل بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیاکہ قانون کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ختم کر کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تشکیل دیا گیا،انہوں نے کہا کہ قانون کے برعکس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دیتے ہوئے چیئرمین جہانزیب خان کی تعیناتی غیرقانونی طور پر کی گئی، انہوں نے استدعا کی کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جہانزیب خان کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے،مزید استدعا کی گئی کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جہانزیب خان کی جانب سے کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے، سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ انتظامی طور پر قائم کیا گیا،جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔