سندھ میں بھی قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا گیا، وہاں نیب اتنا مہربان کیوں ہے،چیئرمین نیب بھارت رقوم بھیجنے کے حوالے سے پہلے تحقیقات کرتے، محض خبر پر نوٹس لینا درست نہیں تھا چوہدری جعفر اقبال

جمعرات 10 مئی 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وزیر مملکت میری ٹائم افیئرزچوہدر ی جعفر اقبال نے کہا ہے کہ نیب سندھ میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں پر قائم مقدمات ختم کر رہا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ صوبہ سندھ میں نیب بڑی تیزی کے ساتھ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں پر قائم مقدمات ختم کر رہا ہے۔

وہاں پر بھی قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وہاں نیب اتنی مہربان کیوں ہے اور میڈیا کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف نیب کے الزام بار ے گزشتہ روز ایوان میں جو بیان دیا سب نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا ۔تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پارلیمان کی کمیٹی قائم کی جائے گی جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ چیئرمین نیب بھارت رقوم بھیجنے کے حوالے سے پہلے تحقیقات کرتے‘ اگر اس میں کوئی صداقت ہوتی تو اس حوالے سے وہ پریس کانفرنس کرتے مگر محض خبر پر اس طرح کا نوٹس لینا درست نہیں تھا۔