رمضان المبارک کی آمد، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعرات 10 مئی 2018 16:40

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاء چاول، گھی، چینی، آٹا، بیسن،کھجور،پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت شہریوں کو ضروریات زندگی کی فراہمی حکومت کا فرض ہے،رمضان سے قبل اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی چیزیں فروخت کرنے والے دوکانداروں اور بڑے تاجروں کے خلاف کارروائی کاحکم دے۔