قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی کے زیر اہتمام 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس آف نیوز ایجنسز 13 مئی سے شروع ہو گی

جمعرات 10 مئی 2018 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیر اہتمام 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس آف نیوز ایجنسز (آئی سی این ای) 13 مئی سے وفاقی دارالحکومت میں شروع ہو گی جو اقوام عالم میں پاکستان کا اعتدال پسند تشخص پیش کرنے کیلئے پاکستان کی امن کاوشوں کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی سطح پر اشتراک کار کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گی۔

پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس 1990ء کے بعد اپنی نوعیت کی دوسری کانفرنس ہو گی جس میں اپنے قیام کے بعد کے سفر کو نمایاں کرنے اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں بیرونی دنیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی مساعی کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کا موضوع ’’خبر رساں اداروں کیلئے ابھرتے ہوئے پیشہ وارانہ چیلنجز‘‘ ہے۔

اے پی پی منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک کے مطابق یہ کانفرنس اے پی پی کے صحافیوں کو باہمی تعاون اور خبروں کے تبادلہ کے مزید شعبے تلاش کرنے کیلئے دیگر ممالک کے خبر رساں اداروں کے ساتھ براہ راست اور آسان روابط استوار کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کمیونیکشین کے موجودہ دور میں قومی خبر رساں اداروں کا کردار بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ کوئی بھی قوم عالمگیریت کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے الگ تھلگ نہیں رہ سکتی۔

مسعود ملک نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی جغرافیائی و تزویراتی محل وقوع کی بدولت مادر وطن اور خطہ سے متعلق واقعات اور خبروں کو ان کے حقیقی تناظر میں آزاد دنیا تک پہنچانا اشد ضروری ہے تاکہ عوام کو بروقت اور صحیح اطلاعات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے ساتھ قریبی اور فعال تعلقات استوار کرنے کا اقدام اٹھایا ہے جس سے ایک جانب ان کی خبروں کی کوریج میں اضافہ ہو گا اور دوسری جانب کم و بیش 20 ممالک تک رسائی کی وسعت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے شرکاء کو اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا کہ کس طرح پاکستانی میڈیا دہشت گردی کی تاریک دہائیوں کی مشکلات و مسائل سے باہر نکلا اور کس طرح قوم نے پرامن زندگی گزارنے کیلئے درپیش چیلنج کا جرأت مندی سے مقابلہ کیا۔ کانفرنس میں آذربائیجان، بحرین، بلغاریہ، چین، مصر، یونان، انڈونیشیا، ایران، قزاخستان، لبنان، اومان، قطر، رومانیہ، سعودی عرب، سوڈان، شام، تیونس اور ترکی سمیت 18 بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے سربراہان اور نمائندگان کی شرکت متوقع ہے۔

کانفرنس کے دوران مختلف شعبہ جات سے کلیدی مقررین اہم موضوعات پر چار مرکزی نشستوں میں اظہار خیال کریں گے جن میں سوشل میڈیا میں خلاء کو پُر کرنا: فوری خبر اور بمقابلہ مستند خبر، ڈیجیٹل دور میں خبر رساں اداروں کا کردار اور باہمی تعاون، سی پیک، اقتصادی رابطہ کیلئے پیشقدمی اور میڈیا کا کردار اور عالمی اور علاقائی امن میں پاکستان کا کردار کے موضوعات شامل ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی کے 40 بین الاقوامی خبر رساں اداروںکے ساتھ خبروں کے دوطرفہ تبادلہ کے معاہدے موجود ہیں اور 17 دیگر کے ساتھ اس قسم کے معاہدوں پر دستخط کا عمل بھی جاری ہے۔