کرکٹر فواد عالم انگلینڈ روانہ ہوگئے

مایوس نہیں ، اپنی کرکٹ جاری رکھنا چاہتا ہوں:ٹیسٹ کرکٹر

جمعرات 10 مئی 2018 16:54

کرکٹر فواد عالم انگلینڈ روانہ ہوگئے
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی 2018ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کی نمائندگی کے اہل نہ سمجھے جانے والے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں ۔32 سالہ فواد عالم لنکا شائر لیگ میں کلیتھروئے کرکٹ کلب کی نمائندگی کریں گے۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ وہ قوی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے باوجود مایوس نہیں اور اپنی کرکٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں عمدہ کھیل سے ٹیم کے کام آنے کی خواہش ہے۔

145فرسٹ کلاس میچز میں 55.37 کی اوسط سے10742 رنز سکور کرنے والے 32 سالہ فواد عالم مئی 2017ء میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرکے انگلینڈ روانہ کردیا ، انضمام الحق کے اس فیصلے کو سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور مداحو ں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ،کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کاکہنا تھا کہ اس فیصلے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی ہاتھ تھا جو ٹیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو پروموٹ کررہے ہیں اور اس کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ فواد عالم نے 2009ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی ۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔