Live Updates

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی متعدد وکٹیں گرا دیں

لیگی رکن رضا حیات ہراج، ایم پی اے راحیلہ یحیٰ، ایم این اے عمر نذیر، سابق ایم این اے رانا نذیرکا پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان،عمران خان نے پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 10 مئی 2018 16:55

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی متعدد وکٹیں گرا دیں
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی 2018ء) : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مختلف شہروں سے سینئر سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں ن لیگ کے متعدد رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کامونکی سے رانا نذیر ، خانیوال سے لیگی رکن رضا حیات ہراج،گوجرانوالہ سے ن لیگی ایم پی اے راحیلہ یحیٰ اور گوجرانوالہ سے ن لیگ کے ایم این اے عمر نذیرنے ملاقات کی۔

جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرتمام سیاسی رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کے مختلف شہروں سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا ہے کہ ان تمام رہنماؤں کی شمولیت سے تحریک انصاف منظم اور فعال ہوجائے گی۔

واضح رہے ۔تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رہنماؤں سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی۔ گزشتہ روز جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے متعدد رہنماؤں نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماء خسرو بختیار نے کہا کہ عمران خان نے اپنے منشور میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا نکتہ شامل کیا ہے،اسی وجہ سے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا معاہدہ کیا ہے۔

اسی طرح آئندہ عام انتخابات 2018ء کے پیش نظر سیاسی پرندوں کی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم تحریک انصاف ایک بڑی جماعت بن کرسامنے آرہی ہے،جیتنے والے سیاسی رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان ہوگا۔بعض تجزیاکاروں نے پی ٹی آئی کو آئندہ حکومت بنانے والی جماعت بھی قرار دے دیا ہے۔جبکہ کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد کوئی بھی جماعت سادہ اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کیلئے پیپلزپارٹی ، آزاد اراکین کی حمایت حاصل کرنا پڑے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات