پی ایس کیو سی اے کو غیر معیاری اشیاء تیار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

پی ایس کیو سی اے کے زبردست ایکشن سے بڑی بڑی سفارشیں رد کردیں ،لوگوں کو ناممکن کہہ کر سفارش ماننے سے انکا ر کر دیا ادارہ لوگوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اس کے پیچھے ہوگی‘وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

جمعرات 10 مئی 2018 18:24

پی ایس کیو سی اے کو غیر معیاری اشیاء تیار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کریک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے )کو غیر معیاری اشیاء تیار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس کیو سی اے کے زبردست ایکشن سے بڑی بڑی سفارشیں رد کردیں ،لوگوں کو ناممکن کہہ کر سفارش ماننے سے انکا ر کر دیا ،ادارہ لوگوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اس کے پیچھے ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے حطار میں نئے قائم ہونے والے لائزون آفس کے افتتاح کے بعد ہری پور چیمبر آف کامرس میں منعقدہ ایک سادہ مگر پر تکلف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں سیکرٹری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یٰسمین مسعود ، ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی عبد العلیم میمن ، سیکرٹری پی ایس کیو سی اے غلام عمر قاضی ،ڈائریکٹر راولپنڈی یٰسین اختر ، معروف کاروباری اور سماجی شخصیات بھی شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا پانچ سال قبل پی ایس کیو سی اے کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا لیکن پچھلے پانچ سالوں میںاس ادارہ کو فعال بنانے کیلئے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کئی اقدام کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے کے دو زونز کام کررہے تھے لیکن اب انڈسٹری کی سہولت کیلئے اس کو پانچ زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

حطار آفس کے قیام کے بعد ایک دو ہفتہ کے اندر بہاولپور آفس بھی کام شروع کر دیگا۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا صنعتکاروں کو بھی چاہئے کہ وہ معیار کو برقرار رکھیں کیونکہ معیار کے بغیر کوئی بھی انڈسٹری زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔انہوں نے پی ایس کیو سی اے کو ہدایت کی کھانے پینے والی اشیاء جن میں گھی اور پینے کا پانی شامل ہے کی کولٹی پر سمجھوتہ نہ کیا جائے کیوں کہ یہ ڈائریکٹ انسانی صحت پر اثر اندازہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھی کو ڈائریکٹ بھرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہونا چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے کو آنیوالے دنوں میں مزید فعال بنایا جائیگا۔ گیم چینجر چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے آنے کے بعد پی ایس کیو سی اے کا کردار بہت بڑھ جائے گا اور حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کی انڈسٹریز کو سہولیات دینے کیلئے لائزون آفس کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن مستقبل قریب میں سی پیک کے ذریعے اربوں ڈالر کی انڈسٹری آنے کے بعد اس آفس کو زونل آفس میں بدل دی جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس کیو سی اے پاکستانی اور غیر ملکی مصنوعات کے معیار کی ضمانت ہے ۔ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے جس طرح دن رات کام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔لوڈشیڈنگ ہو یا دہشتگردی، امن کا معاملہ ہو یا اقتصادی ترقی کا پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے گراں قدر کام کیا اور ملکی ترقی کیلئے ایک درست سمت کا تعین کر دیا ہے۔