پنجاب کے 24 سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن ،ادویات کی فراہمی ، علاج معالجہ کی تفصیل کی آن لائن فراہمی کا منصوبہ مکمل

جمعرات 10 مئی 2018 18:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پنجاب کے 24 سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن ،ادویات کی فراہمی ، علاج معالجہ کی تفصیل اورٹیسٹ رپورٹوں کی آن لائن فراہمی کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ۔ پنجاب حکومت نے نومبر2017 میں لاہورکے چلڈرن ہسپتال میں پائلٹ پراجیکٹ سے کمپیوٹرائزڈپیشینٹ رجسٹریشن کا آغازکیا تھا جس کے بعد میوہسپتال کے سرجیکل ٹاورمیں یہ نظام لاگوکیاگیا اوراب لاہور،راولپنڈی،ملتان ،گوجرانوالہ ، فیصل آبادسمیت 24 سرکاری ہسپتالوں کو آن لائن اورایک دوسرے سے منسلک کیاجاچکا ہے، اس سسٹم کے تحت کسی بھی ہسپتال میں داخل ہونیوالے مریض کے علاج معالجہ، اسے مہیاکی جانیوالی دوائی اورلیبارٹری ٹیسٹوں کی تفصیل دوسرے ہسپتال میں آن لائن سسٹم کی مددسے دیکھی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے یہ منصوبہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اورسٹریٹجک ریفارمزیونٹ کی معاونت سے قلیل مدت میں مکمل کیا ہے، اس منصوبے پر اب تک 10 ملین روپے خرچ ہوئے ہیں جبکہ 40 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔پراجیکٹ کے سربراہ فراز تجمل نے بتایا کہ پنجاب کے 45 ہسپتالوں میں روزانہ ایک لاکھ کے قریب مریض علاج معالجے کی غرض سے آتے ہیں، جیسے ہی کوئی مریض کسی ہسپتال میں داخل ہوتا ہے اسے 12 ہندسوں کا ایم آر این کوڈ جاری کردیا جاتا ہے جس میں مریض کا تمام ریکارڈ محفوظ ہوتا ہے، سی پی آر سسٹم کے ساتھ مریضوں کے ریکارڈ، ہسپتالوں کی فارمیسی اورلیبارٹریوں کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ہسپتال کے اندرونی نظام کو بھی مانیٹر کیا جاسکتا ہے ،اس میں عملے کی حاضری، وارڈز میں موجودگی اور لانڈری کی صورتحال سمیت دیگرشعبوں کی کارکردگی کومانیٹرکرنے کی صلاحیت موجود ہے۔منصوبے کے دوسرے مرحلے میں موبائل ایپ بھی تیارکرلی گئی جس کی مدد سے مریض اورڈاکٹرآن لائن رپورٹس اورمریض کی ہسٹری کو دیکھ سکیں گے، اس سسٹم سے جہاں اس بات کویقینی بنایا گیا ہے کہ مریض کوجو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں وہ اس تک پہنچ سکیں ، اس کے ساتھ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے اوراس معاملے میں کرپشن کو روکنے میں بھی مددملے گی۔