کھارادر جنرل اسپتال اسکول آف نرسنگ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں،پروفیسر عبدالغفار بلو

جمعرات مئی 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2018ء) کھارادر جنرل اسپتال اسکول آف نرسنگ کی 13ویں لیمپ لائٹنگ اور حلف برداری کی تقریب سے اسپتال کے صدر اور معروف صنعتکار محمد بشیر جان محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ انتہائی حساس اور اسکی ترقی کیلئے اولین ترجیح دیکر ہی صحت کے شعبے میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاری اور اس سے ملحقہ پسماندہ علاقوں کے بچے اعلیٰ معیاری پیشہ وارانہ نرسنگ تعلیم بالکل مفت حاصل کر کے زندگی بچانے کا مقدس فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر اسپتال کے چیئرمین ستارہِ امتیاز معروف ماہر امراضِ اطفال پروفیسر عبدالغفار بلو نے کہا کہ کھارادر جنرل اسپتال اسکول آف نرسنگ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ آج سینکڑوں بچیاں نرسنگ کے باوقار شعبے سے وابستہ ہو کر انسانی خدمت کا اعلیٰ نمونہ پیش کررہی ہیںانہوں نے کہا کہ اموات اور بیماریوں پر قابو پانے اور خطے میں صحت کے شعبے میں بہتر درجے پر لانے کیلئے نرسنگ ، پیرا میڈیکل کی افرادی قوت اور ان کے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

اسپتال کے چیف ایگزیکٹیوڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ کھارادر جنرل اسپتال نے مسلسل سو سال تک علاقے کے لوگوں کو بلاامتیاز معیاری طبی سہولیات فراہم کی ہیں آج کھارادر جنرل ہستپال میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اشتراک سے بچوں میں ROTA VIRUSاسہال کی بیماری پر ریسرچ کے نتیجے میں ملک بھر میں ویکسینیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہمارے اسپتال کے پوسٹ گریجویٹس اور نرسنگ اسٹوڈنٹس نے سندھ بھر میں نمایاں پوزیشنز لی ہیں اور ملک بھر میں اعلیٰ صحت کی خدمات میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں اور حاملہ مائوں میں پاکستان میں شرح اموات پر قابو پانے کیلئے نرس ۔ مڈوائف کے کردار کو بڑھانا ہوگا۔ اسکول آف نرسنگ کی پرنسپل مسز طلعت پروین شاہ نے اس موقع پر طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لگن سچی ہو تو مشکل اہداف بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ لیاری جیسے مخدوش حالات میں کھارادر جنرل اسپتال اور اسکول آف نرسنگ کی کامیابیاں اسکا منہ بولتا اور جیتا جاگتا ثبوت ہے انہوں نے نئے بیچ کی طالبات سے حلف لیا کہ وہ دیانتداری اور ذمہ داری سے نرسنگ کی حساس ذمہ داری انجام دیں گی۔

تقریب میں پیرا میڈیکل ٹیکنیشن کورس کے 56طلبہ و طالبات کو سرٹیفیکیٹ بھی پیش کئے گئے۔ تقریب سے وائس پرنسپل مسز گلِ زہرہ ، مسز انجلینا نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں صحت اور نرسنگ کے شعبے کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔