سندھ کو کھنڈرات اور صوبہ خیبرپختونخوا کو نااہل طرز حکومت کی مثال بنانے والے مسلم لیگ (ن) کو سیاست سے باہر نہیں کر سکتے

وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر کا بیان

جمعرات 10 مئی 2018 18:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ سندھ کو کھنڈرات اور صوبہ خیبرپختونخوا کو نااہل طرز حکومت کی مثال بنانے والے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں سازشوں کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کو پاکستان کی سیاست سے باہر نہیں کر سکتے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالفین کی تمام تر کوششوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) ہی آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کا سفر پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض میں رہنے والے عوام نواز شریف کے ساتھ ہیں اور جب تک پاکستان کے یہ 20 کروڑ عوام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں کوئی بھی مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام پرعزم انداز سے مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور محمد نواز شریف کی ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کا ساتھ دینے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام میں یہ مقام اپنے دور اقتدار میں عوام کی بے لوث خدمت کے ذریعے حاصل کیا ہے جہاں انہوں نے پہلے پاکستان کو دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنایا اور اب پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کا سفر سی پیک منصوبوں کی صورت میں تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ آج ایسے محب وطن پاکستانی کو ایک جانبدارانہ احتساب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور نواز شریف پر آئے روز جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 20 کروڑ پاکستانی عوام کی مدد سے ان تمام تر حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اورعام انتخابات میں نواز شریف کا بیانیہ اور وژن ایک ایک گھر تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں انتہائی مضبوط ہیں اور اس کو ڈرانے، دھمکانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوں گی اور انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک میں جاری ترقی و خوشحالی کے سفر کو اور بھی تیز کیا جائے گا۔