رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی چیزیں فروخت کرنے والے دوکانداروں اور بڑے تاجروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے‘موقف

جمعرات 10 مئی 2018 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

(جاری ہے)

جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاء چاول، گھی، چینی، آٹا، بیسن،کھجور،پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، آئین کے تحت شہریوں کو ضروریات زندگی کی فراہمی حکومت کا فرض ہے،رمضان سے قبل اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی چیزیں فروخت کرنے والے دوکانداروں اور بڑے تاجروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔