کالاباغ ڈیم کی جلد تعمیر کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

کالا باغ ڈیم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے،منصوبہ مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا،درخواست گزار

جمعرات 10 مئی 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے،درخواست میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے،کالا باغ ڈیم منصوبہ کو مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ جمعرات کو مقامی وکیل علم الدین غازی نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کالا باغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، وزارت پانی و بجلی، مشترک مفادات کونسل اور چیرمین واپڈا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار وکیل نے درخواست میں نشاندہی کی کہ زرعی شعبے اور بند صنعتوں کی بحالی کے لیے کالا باغ ڈیم کا بننا بہت ضروری ہے۔ اس کے بغیر صنعت اور زراعت کے شعبے میں ترقی ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ کالا باغ نہ بننے کی وجہ سے 35 ایکڑ ملین فٹ سے زائد پانی اور 70 ارب سے زائد رقم کا سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔ درخواست میں یہ بھی نکتہ اٹھایا گیا کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ کو مکمل کرنے سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔

درخواست میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سیاسی بنیادوں پر تعطل کا شکار ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں خوشحالی آئے گی اس لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرکے اس کی جلد تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کو اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔