صدر ریاست جامعہ کشمیر میں خرابیوں کا نوٹس لیں‘ لطف الرحمان

جامعہ میں کرپشن عروج پر ہے ‘ تربیت کا فقدان ہے ‘ اصلا ح نہ کی گئی تو پانی سر سے گزر جائیگا

جمعرات 10 مئی 2018 17:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصا ف آزاد کشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے جامعہ کشمیر کا نظام درست کرنے کیلئے جدوجہد شروع کررکھی ہے۔ کلیم عباسی کی بطور وائس چانسلر تعیناتی کے بعد تسلسل کیساتھ جو واقعات پیش آرہے ہیں اس سے سب سے بڑ ے تعلیمی ادارے کا ماحول تباہ ہورہا ہے ۔

یونیورسٹیوں میں ڈان نہیں بلکہ سکالر پید ا کئے جاتے ہیں ۔ جامعہ کشمیر میں کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ تربیت کے فقدان کے باعث سکالر دست و گریباں ہیں نوبت قتل ہونے تک پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

صدر ریاست اور چانسلر جامعہ کشمیر کو ان واقعات کافوری نوٹس لینا ہوگا ۔اگر جلد نوٹس لے کر اصلا ح نہ کی گئی تو پانی سر سے گزر جائے گا۔ ہم اصلاح واحوال کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر لطف الرحمان نے مزید کہاکہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں اور نہ ہی کسی شخصیت کیساتھ کوئی ذاتی دشمنی ہے ۔ جامعہ کشمیر میں خرابیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ۔ہم چاہتے ہیں کہ چانسلر جامعہ کشمیر خرابیاں دور کریں اگر جلد نوٹس نہ لیا گیا تو عوامی احتجاج کیساتھ ساتھ عدلیہ سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے۔