Live Updates

پاکستان کے عام انتخابات میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرکے اقتدار میں آکر عمران خان کی وزارت عظمیٰ میں خدمت خلق کا فیصلہ عرش معلی پر ہوچکا ہے ‘ فرش پر پولنگ کے روز پاکستانی عوام بلے پر مہر تصدیق ثبت کردینگے

تحریک انصاف سٹی مظفرآباد کے رہنما بشارت کھوکھر کی بات چیت

جمعرات 10 مئی 2018 17:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) تحریک انصاف سٹی مظفرآباد کے رہنما بشارت کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عام انتخابات میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرکے اقتدار میں آکر عمران خان کی وزارت عظمیٰ میں خدمت خلق کا فیصلہ عرش معلی پر ہوچکا ہے ۔ فرش پر پولنگ کے روز پاکستانی عوام بلے پر مہر تصدیق ثبت کر دینگے ۔ عوامی انقلاب کے سامنے پانامہ سکینڈل میں سر تا پائوں تک کرپشن میں ملوث مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کس طرح ٹھہر سکتی ہے ۔

جنوبی پنجاب کا عوامی ریلہ تحریک انصاف کی سیاسی قوت میں اضافے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عام انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں بھی محلاتی سازشوں کے ذریعے مسلط ہونیوالے حکمرانوں کو کوہالہ پل سے پار کرکے رائیونڈ چھوڑ کر واپس آئینگے تاکہ وہ آرام سے مجھے کیوں نکالا ، مجھے کیوں نکالا کے مضمرات تلاش کرتے رہیں ۔

(جاری ہے)

بشارت کھوکھر نے کہا کہ آزادکشمیر میں قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں تحریک انصاف عوام کے دلوں کی آواز ہے جنہوں نے کشمیر کی آزادی کیلئے دنیا بھر کے ایوانوں میں جاکر اپنے اخراجات پر بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور نریندر مودی کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا جس کی منہ بولتی مثال لندن میں ہونے والا ملین مارچ تھا۔

جس پر بھارت نے واویلا کرتے ہوئے برطانوی حکومت سے ملین مارچ روکنے کی استدعا کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہی وہ سیاسی قوت ہے جو پاکستان کو تمام اندرونی ، بیرونی بحرانوں سے نکالنے کا جامع پروگرام رکھتی ہے ۔ محافظ حقوق خواجہ فاروق احمد نے گزشتہ دو سالوں میں جس طرح حکومتی بداعمالیوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا ہے وہ ان کی خداداد قائدانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ خواجہ فاروق احمد اسمبلی میں ہوں یا اسمبلی سے باہر ان کی جاندار آواز عوامی حقوق کی ترجمانی کی مثال کے طور پر پیش کی جاتی ہے آئندہ وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر سیاسی مخالفین کا قرض بمعہ سود چکا دینگے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات