صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے آئل اینڈ گیس انڈسٹری کی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

جمعرات 10 مئی 2018 17:40

لاہور۔10 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے آئل اینڈ گیس انڈسٹری کے زیر اہتمام ایکسپو سنٹر لاہور میں 16ویں بین الاقوامی سالانہ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کردیا،صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور دوران بریفنگ صوبائی وزیر کو سی ای او پیجیسز عاصم صدیقی کی جانب سے بتایا گیا کہ اس نمائش میں دنیا کی 30بڑی کمپنیوں کے 300سٹالز موجود ہیں جبکہ زیادہ تر سٹالزچائنہ کے اشتراک سے لگائے گئے ہیں،یہ نمائش 10مئی سے 12مئی تک جاری رہے گی اور یہ لوکل ،ریجنل ،انٹرنیشنل سطح پر ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگرکرے گی،صوبائی وزیر شیخ علائوالدین نے انتظامیہ کو شاندار نمائش کے اہتمام پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ایسی نمائش کے ذریعہ بزنس ٹو بزنس کے کلچر کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور پاکستان بھر کی تاجر برادری مستفید ہو سکے گی،انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ٹیکنالوجی کی افادیت کو سمجھنے اور اس سے مستفید ہونے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔