جامعہ اردو عبدالحق کیمپس کی غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری

جمعرات 10 مئی 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) وفاقی جامعہ اردو عبدالحق کیمپس کی غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن(رجسٹرڈ) کے نو منتخب عہدیداران برائے سال2018-20کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے کہا کہ غیر تدریسی ملازمین جامعہ کی ترقی وتعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ملازمین کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے ساتھ غیر تدریسی ملازمین انتظامیہ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، وہ سب باہم مل کر جامعہ کی ترقی و سربلندی کے لئے کام کریں گے۔رجسٹرار افضال احمد نے غیر تدریسی ملازمین ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر اکبر خان، نائب صدر سبحان الدین، جنرل سیکریٹری فضل ندیم، سینئر نائب صدر حماد الدین، ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری محمد عارف،خازن محمد خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اشتیاق علی، جوائنٹ سیکریٹری عابد عباسی، رابطہ سیکریٹری نور محمد، پریس سیکریٹری شاہد رفیق، آفس سیکریٹری انور گورا و دیگر عہدیداروں سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

صدر اکبر خان اور جنرل سیکریٹری فضل ندیم نے ایسوسی ایشن کا سپاسنامہ پیش کیا۔صدر اکبر خان نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام منتخب عہدیدار ،غیر تدریسی ملازمین کے مفادات کا بھرپور تحفظ کریں گے اور ان کے جائز امور کی تکمیل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ موجودہ انتظامیہ جلد از جلد غیر تدریسی ملازمین کی سنیارٹی لسٹ جاری کرے گی اور انہیں ان کی اہلیت و سنیارٹی کی بنیاد پر اًپ گریڈ کردیا جائے گا۔

غیر تدریسی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدراکبر خان اور جنرل سیکریٹری فضل ندیم نے تقریب میں شرکت کرنے پر پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرایس الطاف حسین، رجسٹرار افضال احمد، رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور، سینیٹر پروفیسر نجم العارفین، صدر انجمن اساتذہ پروفیسر اقبال نقوی اور جنرل سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر عرفان عزیز، کیمپس آفیسر محمد سعید، دفتر انتظامی معراج محمدمنتظم ، غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر جاوید ناز و سابق عہدیداران، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عطا محمد گورمانی و عہدیداران اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔