ایپکس کمیٹی کے جرگے کا پی ٹی ایم کے ساتھ16مئی کو گرینڈجرگہ منعقد کرنے کافیصلہ

جمعرات 10 مئی 2018 18:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) پختون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم )کے ساتھ مذاکرات کیلئے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے تناظرمیں قائم جرگے نی16مئی کو پی ٹی ایم کے ساتھ گرینڈجرگہ منعقد کرنے کافیصلہ کیاہے اورتوقع طاہر کی ہے کہ اس جرگے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ جمعرات کے پشاور کے حیات آباد میں نمائندہ جرگہ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جرگہ رکن گل مرجان نے کہا کہ اپریل میں خیبر ایجنسی میں رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل کے حجرے میں ہونے والے پی ٹی ایم کے ساتھ مذاکراتی پہلے جرگے میں ہر قبائلی ایجنسی سے دو دو عمائدین کا انتخاب کیاگیا جس کی 7مئی کو حیات آباد میں ملاقات ہوئی اور وہاں اتفاق رائے سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے پی ٹی ایم کے رہنماوں کیساتھ رابطہ کیا اور انشاء اللہ مثبت نتائج سامنے آئینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی ایم کا 13 مئی کو جلسہ ہے جسے چھیڑنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ایک پرامن جلسہ ہوگا۔16 تاریخ کو ہماری نشست ہوگی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ 16مئی سے قبل حکومت اور ایپکس کمیٹی کوملاقات کااہتمام کرناچاہئے انہوں نے کہاکہ یہاں پر دو فریق ہیں اور جرگہ روایات کو جاری رکھاجائے گا،جرگے کی نشست رمضان تک بھی پہنچ سکتی ہے جس کے لئے جرگہ ممبران تیار ہیں۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شاہ فرمان کا کہناتھاکہ 25 اپریل کو ہونیوالے جرگے میں پی ٹی ایم کے نمائندوں سے بات ہوئی تھی، اب پی ٹی ایم نے 16 مئی کی تاریخ کا وقت مانگاہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی ایم بھی جرگہ کو اہمیت دینگے، خیبر ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل نے بتایاکہ جرگہ کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے، ریاست اور پی ٹی ایم کے درمیان غلط فہمیوں سے دشمنوں کو فائدہ اٹھانے نہیں دینگے، وہ ہمارے اپنے ہی بچے ہیں،ملک کی بقاء کی خاطر اس جرگہ کو کامیاب کرینگے۔ اس موقع پر سیف الاسلام آفریدی کو مذاکراتی جرگے کا ترجمان مقرر کیا گیا۔